صورتحال دن بدن خراب سے خراب تر ہو رہی ہے، فواد چوہدری


  اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ صورتحال دن بدن خراب سے خراب تر ہو رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہاکہ اسحاق ڈار کے وزارت کے حلف کے فورا بعد بانڈ مارکیٹ میں پاکستانی بانڈ کریش کر گئے ہیں، یہ صورتحال تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال پاکستان نے 30بلین ڈالر واپس کرنے ہیں ، آئی ایم ایف اوردیگر اداروں سے 7سے 10ارب ڈالر کا انتظام ہوگا باقی بانڈ اور مارکیٹ سے لینے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صورتحال دن بدن خراب سے خراب تر ہو رہی ہے۔

دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنما فواد چوہدری نے اپنے بیان میں انکشاف کیا ہے کہ  آرمی چیف نے عمران خان کو کہا تھا کہ وزیرِ اعظم ہاؤس کو ڈی بگ کرنا چاہیے، آرمی نے جی ایچ کیو کی سائبر سیکیورٹی محفوظ کر لی تھی۔فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارتی ایجنسیوں نے وزیرِ اعظم عمران خان کی گفتگو ہیک کرنے کے لیے پیگاسس پروگرام خریدا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی سائفر سے متعلق پی ٹی آئی کے سربراہ، سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور اعظم خان کی آڈیو سامنے آئی تھی۔اس آڈیو کلپ میں عمران خان کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ہم نے صرف کھیلنا ہے، امریکا کا نام نہیں لینا، بس صرف یہ کھیلنا ہے اس کے اوپر کہ یہ ڈیٹ پہلے سے تھی۔مبینہ آڈیو میں اعظم خان نے جواب میں کہا کہ میں یہ سوچ رہا تھا کہ اس سائفر کے اوپر ایک میٹنگ کر لیتے ہیں، آپ کو یاد ہے تو آخر میں ایمبیسڈر نے لکھا تھا کہ ڈیمارچ کریں۔