ملک سیلاب میں ڈوبا، عمران سیاست چمکانے میں لگے ہوئے ہیں،احسن اقبال


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک سیلاب میں ڈوبا ہواہے ،عمران نیازی سیاست چمکانے میں لگے ہوئے ہیں، جتنے پیسے جلسوں پر ضائع کئے گئے ،متاثرین پر لگاتے شاید دو ضلعے آباد ہوجاتے، عمران نیازی کہتے ہیں سائفر کی تحقیقات ہوں گی تو پارلیمنٹ میں آئیں گے، کیا وہ کسی غیر ملکی ایجنسی سے تحقیقات کروانا چاہتے ہیں؟۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ نارووال سپورٹس سٹی ریفرنس عدالت نے خارج کر دیا، الف لیلیٰ کی من گھڑت کہانی بنا کر تقسیم پیدا کی گئی، میرے خلاف بے بنیاد ریفرنس بنایا گیا اور بے بنیاد مقدمات بنا کر کردارکشی کی گئی۔عمران نیازی لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں، عمران نیازی کے دور میں کرپشن کی گئی، ایک تہائی پاکستان سیلابی پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور عمران نیازی مسلسل اپنی سیاست چمکانے میں لگے ہوئے ہیں، جتنے پیسے جلسوں پر ضائع کئے گئے ،متاثرین پر لگاتے شاید دو ضلعے آباد ہوجاتے۔

احسن اقبال نے الزام لگایا کہ عمران نیازی اگلے الیکشن کے لیے فنڈز اکٹھے کر رہے ہیں، شوکت خانم کے نام پر اکٹھے کئے گئے فنڈز کو سیاست میں جھونک دیا گیا، عمران خان اداروں کے خلاف تقاریر کرتے ہیں، عمران نیازی فارن فنڈنگ سے پاکستان میں انتشار پیدا کرنے کا کام لیتے ہیں، ان کا کام عمران نیازی کا مقصد آئین کو پامال کرنا ہے۔ عمران نیازی کہتے ہیں سائفر کی تحقیقات ہوں گی تو پارلیمنٹ میں آئیں گے، کیا عمران نیازی کسی غیر ملکی ایجنسی سے تحقیقات کروانا چاہتے ہیں؟ وہ صرف انارکی چاہتے ہیں، تمام انٹیلی جنس ایجنسیز، وزارت خارجہ، مسلح افواج نے کہہ دیا کہ سائفر میں کچھ نہیں، ایک ایٹمی طاقت غلام نہیں ہوسکتی، پاکستانی قوم کسی کی غلام نہیں۔

انہوں نے کہاکہ آڈیو لیکس سنگین معاملہ ہے، تحقیقات کے لیے اعلی سطح کی کمیٹی بنائی گئی، آڈیو لیکس ریاست کے لیے بڑا چیلنج ہے، بہت جلد اس کے قریب پہنچیں گے، ہماری ترجیح اول وآخر سیلاب زدگان کی مدد ہے، جب تک بہن بھائیوں کو دوبارہ کھڑا نہ کردیں چین سے نہیں بیٹھیں گے۔