فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن سے شہباز شریف کی نااہلی کیلئے فوری کارروائی کا مطالبہ کر دیا


اسلام آباد(صباح نیوز)تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن شہبازشریف کی نااہلی کیلئے فوری کارروائی کا آغاز کرے، وزیراعظم نے تازہ ترین آڈیو لیکس کی صحت کی مکمل تصدیق کردی، مزید کسی تحقیق کی ضرورت نہیں۔

وزیر اعظم کی پریس کانفرنس پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے تازہ ترین آڈیو لیکس کی صحت کی مکمل تصدیق کردی، مزید کسی تحقیق کی ضرورت نہیں۔فواد چودھری نے کہا کہ اس امپورٹڈ سرکار نے اپنی ناک تلے وزیراعظم ہائوس کی عزت، توقیر اور سیکیورٹی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے، الیکشن کمیشن شہبازشریف کی نااہلی کیلئے فوری کارروائی کا آغاز کرے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ روزِ اول سے کہہ رہے ہیں دستور کو یکسر غیر متعلق کرکے ریاستی معاملات مجرموں کے ہاتھ میں دے دیئے گئے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ خفیہ مراسلے کے معاملے پر وزیراعظم نے سپریم کورٹ کے بارے میں صریحا غلط بیانی سے کام لیا، چیف جسٹس آف پاکستان وزیراعظم کے بیان کا نوٹس لیں، قوم منتظر ہے۔فواد چودھری نے کہا کہ شہبازشریف کی گفتگو پر بیرونی دورے کی تفصیلات پر گفتگو کی ضرورت نہیں، سیاسی و معاشی تقاضوں سے یکسر نابلد شخص نے پاکستان کو آفت کے دوران بھی عالمی تنہائی کا شکار کیا۔

انہوں نے  کہا کہ شہباز شریف، اس کے بھائی اور خاندان کی تجوریوں میں قوم کی لوٹی گئی دولت دنیا کو پاکستان کی مدد سے روک رہی ہے۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ2006  اور 2010 میں قدرتی آفات آئیں تو دنیا نے بڑھ چڑھ کر پاکستان کی مدد کی، بیرونی دوروں پر اخراجات کی تفصیلات قوم سے پوشیدہ نہیں، دوبارہ مہیا کئے دیتے ہیں۔ فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ امپورٹڈ مسخروں کے ہاتھوں میں مزید اختیار ملک کیلئے نہایت خطرات کا باعث ہے، مجرموں اور کٹھ پتلیوں کا بھیانک کھیل فوری ترک کرکے ملک کو انتخاب کی جانب لے کر جایا جائے۔