بلدیاتی انتخابات کیلئے ہماری تمام تر تیاریاں مکمل ہیں،سینیٹر مشتاق احمد خان


پشاور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹرمشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے ہماری تمام تر تیاریاں مکمل ہیں۔جماعت اسلامی کے ساتھ قوم کی خدمت کیلئے اہلیت اور قیادت موجود ہے۔ہر ویلج کونسل اور تحصیل میں خدمت خلق کے جذبے سے سرشار نمائندوں کو میدان میں اتاریں گے۔جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔

دورہ ضلع باجوڑ اور ضلع ملاکنڈ کے دوران جماعت اسلامی کے ضلعی ذمہ داران،اراکین شوریٰ، ناظمین شعبہ جات اور اتحاد ملکانان سے الگ الگ نشست میں انھوں نے کہا کہ عوام تبدیلی سرکار کی ناقص اور عوام دشمن پالیسیوں سے تنگ آ چکے ہیں۔ ریاست ِ مدینہ کی دعویدار حکومت میں لوگ فاقوں پر مجبور ہیں۔کرپشن اپنے عروج پر ہے۔ملک کے اداروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات اس کٹھ پتلی حکومت کے خلاف ریفرینڈم ہیں اور بہت جلد ان کو اپنے انجام کا پتہ چل جائے گا۔یہ نااہل سیلیکٹیڈ لوگ بلدیاتی انتخابات میں کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔ان کو اپنے انجام اور شکست کا بخوبی ادراک تھا اس لئے پچھلے تین سالوں سے وہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں ٹال مٹول سے کام لے رہے تھے۔ اب جو اعلان ہوا ہے وہ ملک کی اعلیٰ عدلیہ کے حکم پر ہوا ہے، ورنہ یہ لوگ اب بھی اس کے انعقاد میں مخلص نہیں ہیں۔اس موقع پر جماعت اسلامی باجوڑ کے امیر حاجی سردار خان اور ملاکنڈ کے امیر مولانا جمال الدین، نائب امرائ، صدر سیاسی کمیٹی، صدر جے آئی یوتھ اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ مہنگائی نے غریب عوام کے کمر توڑ دی ہے۔ لوگ سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ اس حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں اور یہ حکومت اب گھر جانے والی ہے۔ بلدیاتی الیکشن میں ناکامی اس کا مقدر بنے گی۔ انھوں نے کہاکہ جماعت اسلامی آنے والے بلدیاتی الیکشن میں بھرپور قوت سے حصہ لے گی اور اپنے نشان اور جھنڈے کے ساتھ ہر ویلج کونسل میں اپنے نمائند ے کھڑا کرے گی ۔انھوں نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے ذمہ داران کو ہدایات جاری کیں۔ اتحاد ملکانان میں شامل تمام عمائدین نے جماعت اسلامی کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر مکمل سپورٹ کا یقین دلایا۔سینیٹرمشتاق احمد خان نے بیلوٹ ماموند میں جماعت اسلامی کے بزرگ رکن مولانا بشیراحمد کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی۔