لندن ،برلن(صباح نیوز)کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے یورپ میں بھی کیسز سامنے آگئے،برطانیہ ،جرمنی میں 2،2،اٹلی اور،چیک ری پبلک میں 1،1کیس رپورٹ ہوا ۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون یورپ بھی پہنچ گئی۔کووڈ 19- کی نئی قسم اومی کرون جرمنی، اٹلی اور برطانیہ بھی پہنچ گئی۔ جرمنی کے وزارت صحت کے حکام کے مطابق جنوبی جرمنی کی ریاست باویریا میں نئے کورونا وائرس کے دو کیسز اور ایک مشتبہ کیس ملک کے مغرب میں پایا گیا۔ سب سے پہلے جنوبی افریقہ سے واپس آنے والے ایک شخص میں اومی کرون کی علامات کی تشخیص ہوئی ۔
برطانوی وزیر صحت ساجد جاوید نے کہا کہ برطانیہ میں اومی کرون وائرس کے دو تصدیق شدہ کیسز ہیں، ایک کیس چیلمسفورڈ اور ایک ناٹنگھم میں پایا گیا ۔ دونوں افراد حال ہی میں جنوبی افریقہ کے سفر سے واپس آئے تھے۔اٹلی کے نیشنل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ نے بھی تصدیق کی ہے کہ موزمبیق سے میلان واپس آنے والے ایک شخص میں اومیکرون کا ٹیسٹ مثبت آیا ۔ اس کے علاوہ چیک ریپبلک میں بھی نئے ویرینٹ کا ایک مشتبہ کیس رپورٹ کیا گیا ۔
یاد رہے کہ کووڈ 19- کی یہ نئی قسم پہلی مرتبہ جنوبی افریقہ میں دریافت ہوئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ یہ قسم کورونا کی پہلے سے معلوم اقسام سے کہیں زیادہ خطرناک ہے اور یہ تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ابھی اس نئی قسم کے بارے میں مکمل سائنسی معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔