مسلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے عالمی رائے عامہ کو ہموار کرنا ہو گا، قمر زمان کائرہ


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ سے اسلام آباد میں فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کی چیئرپرسن غزالہ حبیب نے ملاقات کی۔

ملاقات میں مسلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مشیر امور کشمیر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بغیر کسی روک ٹوک کے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے،

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت مسلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری بین الاقوامی دنیا کے سامنے سب سے پہلے مسلہ کشمیر پر بات کرتے ہیں،

انہوں نے کہا کہ آج کے جدید دور میں جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے عالمی رائے عامہ کو ہموار کرنا ہو گا، مشیر امور کشمیر نے کہا کہ ان کو وزارت مسلہ کشمیر کے حوالے سے اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور انہوں نے وزارت کا منصب سنبھالتے ہی مسلہ کشمیر پر کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کی کانفرنس بلائی۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرز کی ایک کانفرنس مستقبل قریب میں بھی بلائی جائے گی جس میں مسلہ کشمیر کے قانونی پہلوں کا جائزہ لینے کے لیے کشمیر سے ریٹائر ججز اور وکلا کو مدعو کیا جائے گا۔

ملاقات میں فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کی چیئرپرسن غزالہ حبیب نے مسلہ کشمیر سے متعلق اپنے ادارے کی کوششوں سے مشیرامور کشمیر کو آگاہ کیا اور کہا کہ فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل مسلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے،

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے لیے روزانہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔

ملاقات میں فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کے وائس چیئرمین عبدالحمید لون نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کے بھارتی غیرقانونی ہتھکنڈے کشمیروں کو مرعوب نہیں کر سکتے اور کشمیری نوجوان بھارت سے اپنا حق خودارادیت چھین کر رہیں گے۔