اسلام آباد ٹریفک پولیس کاشنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے سلسلہ میں خصوصی ٹریفک پلان جاری

اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ٹریفک پولیس نے اسلام آباد میں ہونے والی “شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے سلسلہ میں شہریوں کے لئے خصوصی ٹریفک پلان وضع کر دیا جس کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کے 585سے زائد افسران پیشہ وارانہ انداز میں اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں گے ، شہریوں کی سہولت کے لئے متبادل راستوں کا انتظام کیا گیا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق اسلام آبادٹریفک پولیس نے اسلام آباد میں ہونے والی “شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے سلسلہ میں شہریوں کیلئے خصوصی ٹریفک پلان وضع کر دیا۔

خصوصی ٹریفک پلان کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کے 585 سے زائد افسران پیشہ وارانہ انداز میں اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں گے ،شہریوں کی سہولت کے لئے متبادل راستوں کا انتظام کیا گیا ہے۔کانفرنس کے دوران ملپور سے کشمیر چوک اور ڈھوکڑی سرینہ ہوٹل تک آنے جانے والی ٹریفک بند ہو گی۔ راول ڈیم چوک سے کشمیر چوک اور سرینہ ملپور تک ہر قسم کی ٹریفک بند ہو گی۔ اسی طرح آبپارہ ،سرینگر ہائی وے سے سرینہ جانے والی ٹریفک بند ہو گی۔ متبادل راستوں کے طور پر مری، بہارہ کہو سے راولپنڈی جانیوالے حضرات کورنگ روڈ سے بائیں بنی گالا ،پارک روڈ، راول ڈیم چوک اور فیض آباد استعمال کریں گے۔ فیض آباد سے بہارہ کہو اور مری جانیوالے حضرات پارک روڈ اور بنی گالہ کورنگ روڈ استعمال کریں گے۔ سرینگر ہائی وے سے مری ،بھارہ کہو جانیوالے حضرات چاند تارہ چوک ، پاک چائنہ فرینڈ شپ سنٹر ، سپورٹس کمپلیکس سے مری روڈ، پارک روڈ اور بنی گالہ کورنگ روڈ استعمال کریں گے۔

ہیوی ٹریفک پشاور سے لاہور جانے کے لئے ٹیکسلا موٹروے اور ترنول پھاٹک سے فتح جنگ موٹروے استعمال کرے گی۔ لاہو ر جی ٹی روڈ سے اسلام اآباد اور راولپنڈی جانیوالی ہیوی ٹریفک چک بیلی روڈ سے چکری موٹروے استعمال کرے گی۔ ایف فائیو، جی5فائیو اور جی سکس مارگلہ روڈ سے راولپنڈی جانے والی ٹریفک نائنتھ ایونیو استعمال کرے گی۔ فیصل ایونیو سے زیروپوائنٹ جانے والی ٹریفک نائنتھ ایونیو کی طرف موڑ دی جائے گی جبکہ بہارہ کہو سے راولپنڈی جانے والے حضرات کورنگ روڈ بنی گالہ، لہتڑاڑ روڈ استعمال کریں گے۔ راولپنڈی سے اسلام آباد آنیوالی ٹریفک صدر اور مری روڈ سے نائنتھ ایونیو استعمال کرے گی۔اسی طرح زیرو پوائنٹ ،فیصل ایونیو سے کورال چوک تک ایکسپریس وے آنے جانے کے لئے ٹریفک کے لیے بند ہو گی، شہری متبادل طور پر ایکسپریس وے کے لئے سروس روڈ استعمال کریں گے۔

کرنل شیر خان روڈ سے فیض آباد آنے والے حضرات نائنتھ ایونیو سگنل سے سٹیڈیم روڈ استعمال کریں گے۔ مورخہ 14، 15 اور 16 اکتوبر 2024 تک اسلام آباد میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہو گا ۔چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد محمد سرفراز ورک نے کہا کہ جہاں جہاں روڈ بند کئے جا ئیں گے وہاں متبادل راستہ مہیا کرنے کے لئے ٹریفک پولیس شہریوں کی رہنمائی کے لئے موجود ہو گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کانفرنس کے دوران متبادل راستوں کا استعمال کریں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف ایم ر یڈیو92.4 اور دیگر سوشل میڈیا ذرائع سے بھی شہریوں کو تمام تر صورت حال سے باخبر رکھا جائے گا۔۔