راولپنڈی/اسلام آباد(صباح نیوز)پبلک ریلیشنز جماعت اسلامی پاکستان کی ڈائریکٹر و سابق ممبر قومی اسمبلی عائشہ سید نے میڈیا کی خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی مہربان سے پہلے عورتوں کو کوئی حقوق حاصل نہیں تھے۔
انھوں نے عورتوں کو بالادستی عطا کی۔ہمیں بحیثیت مسلمان خواتین کے دنیا کی خواتین کے لیے رول ماڈل بننا چاہئے۔ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان سکینہ شاہد نے میڈیا کی خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا مشن صرف اسلامی تعلیمات کو ہی انسانوں تک پہنچانا نہیں تھا بلکہ اسلامی نظام کو تمام دنیاوی ادیان پر غالب کرنا تھا ۔
اسی لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ریاست مدینہ کے اندر اسلامی قوانین کے نفاذ کے ذریعے اپنے مشن کی تکمیل کی۔
انہوں نے صحافی خواتین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی نے ایک بہت بڑا میدان آپ کے سپرد کیا ہے،اب یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ حق کا ساتھ دیں۔
انہوں نے کہا کہ حق سے مراد انسانیت اور انصاف کا ساتھ دینا ہے۔سینئر صحافی خواتین نے بھی سیرت طیبہ کے حوالے سے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔
تمام صحافی خواتین نے جماعت اسلامی کی اس کاوش پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ سے معاشرے کی اصلاح کا کام روٹ لیول سے لے کر اسمبلی تک منظم طریقے سے کرتی رہی ہے۔
ڈپٹی سیکٹری جنرل شمالی پنجاب نزہت بھٹی ،سیکریٹری اطلاعات تعلقات عامہ پاکستان شبانہ ایاز ، راولپنڈی اور اسلام آباد کی میڈیا و سوشل میڈیا کی نگرانوں نے بھی اس میڈیا ٹاک میں شرکت کی۔