بغیر تصدیق کے جعلی خبریں پھیلانا ملکی سالمیت کے لیے خطرناک ہے۔ راجہ پرویز اشرف


اسلام آباد(صباح نیوز)  سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے جھوٹی اور حقائق کے منافی خبروں کے رجحان کو سماجی استحکام  کے لیے انتہائی تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر تصدیق کے جعلی خبریں پھیلانا ملکی سالمیت کے لیے خطرناک ہے۔ سوشل میڈیا  پر کام کرنے والے  نوجوانوں پر فرض ہے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فورمز کو ذمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ استعمال کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  پارلیمنٹ ہاؤس میں خدمات سرانجام دینے والے انٹرنیز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے سوشل میڈیا کو منفی پروپیگنڈا پھیلانے کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی حوصلہ شکنی کے لیے نوجوانوں کے اہم کردار کو انتہائی اہم قرار دیا۔

دولت مشترکہ کی 65 ویں کانفرنس میں شرکت کے لیے پارلیمانی وفد کے دورے کے خلاف بدنیتی پر مبنی  بے بنیاد سوشل میڈیا مہم کا حوالہ دیتے ہوئے سپیکر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا کو انتہائی احتیاط اور زمہ داری کے ساتھ استعمال کریں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ پاکستان کو ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔

سپیکر نے کہا کہ پاکستانی نوجوان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس دور میں بھرپور کارکردگی دکھانے کی تمام صلاحیتیں اور اہلیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے لیے دن رات محنت اور لگن سے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔