چیف الیکشن کمشنر نے ضمنی انتخابات میں سرکاری مشینری اور ہیلی کاپٹر کے استعمال کا سخت نوٹس لے لیا


اسلام آباد(صباح نیوز)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ضمنی انتخابات میں سرکاری مشینری اور ہیلی کاپٹر کے استعمال کا سخت نوٹس لے لیا ہے،

چیف الیکشن کمشنر نے یہ نوٹس وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان  اور صوبائی وزرا کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی متواتر خلاف ورزیوں پر لیا ہے، ضابطہ اخلاق کی متواتر خلاف ورزیوں کے معاملے کی باقاعدہ سماعت کرنے کافیصلہ بھی کیا گیا ہے،

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے واضح کیا کہ  چیف سیکرٹری اور ایڈووکیٹ جنرل اپنی حکومت کو جاکر بتائیں خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔  الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر  سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اعلیٰ سطح کا اجلاس الیکشن کمیشن آفس اسلام آباد میں ہوا، جس میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا  نے اجلاس میں شرکت کی۔ چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ چیف سیکرٹری اور ایڈووکیٹ جنرل اپنی حکومت کو جاکر بتائیں کہ خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،

الیکشن کمیشن ضمنی انتخاب میں تمام امیدواروں کو یکساں مواقع کی فراہمی یقینی بنائے گا، خلاف ورزی کی صورت میں تمام جماعتوں،امیدواروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی، چیف سیکرٹری کے پی کے اپنی حکومت کو الیکشن کمیشن کا پیغام پہنچائیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی حکومت الیکشن کمیشن کی معاونت پر تیار نہ ہوئی تو مجبورا ضمنی انتخاب ملتوی کرنا پڑے گا،  الیکشن کمیشن  نے معاملے کی باضابطہ سماعت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔