الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور کاسندھ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ


کراچی( صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر محمد عبدالشکور نے سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں سکھر، لاڑکانہ، شکار پور، جیکب آباد اور میہڑ دادو میں قائم الخدمت خیمہ بستیوں کا دورہ کیا۔ محمد عبدالشکور نے خیمہ بستیوں میں مقیم متاثرین کی ضروریات اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن خاص طور پر الخدمت کی بَوٹ سروس کے ذریعے دادو کی تحصیل میہڑ میں دودو توینو گوٹھ بھی گئے اور پانی میں گِھری آبادی کو خشک راشن، دودھ، جوس اور ادویات فراہم کیں۔ محمد عبدالشکور نے کہا کہ اس وقت وطنِ عزیز سیلاب کی صورت میں ایک بہت بڑی آزمائش سے گزر رہا ہے۔ ریسکیو کے مرحلے کے بعد اب سیلاب متاثرہ علاقوں میں خیمہ بستیاں قائم کی گئی ہیں جہاں متاثرین کیلیے پکے پکائے کھانے، صاف پانی، میڈیکل کیمپس، خیمہ اسکول کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ موبائل واٹر فلٹریشن پلانٹس اور الخدمت کچن سروس کے ذریعے سیلاب متاثرین کو پینے کا صاف پانی اور پکاپکایا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں سیلابی پانی میں سانپوں، ڈینگی اور ملیریا کے بڑھتے خطرات کے پیشِ نظر سانپ کے کاٹے کی ویکسین، مچھر دانیوں کی فراہمی اور مچھر مار اسپرے بھی باقاعدگی کے ساتھ کیا جارہا ہے۔