اسلام آباد،ڈینگی سے ایک اور شخص جاں بحق،خیرپور میں ملیریا اور گیسٹرو سے مزید 3 افراد انتقال کر گئے


اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد میں ڈینگی میں مبتلا ایک اور شخص انتقال کر گیا جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہو گئی جبکہ خیرپور میں سیلاب سے متاثر علاقوں میں وبائی امراض تیزی سے بڑھنے لگے ہیں اور 24 گھنٹوں کے دوران ملیریا اور گیسٹرو کے باعث مزید 3 افراد انتقال کر گئے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ضیاء کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے جاں بحق ہونے والا شخص نجی اسپتال میں زیر علاج تھا، انتقال کرنے والا شخص ترلائی کا رہائشی تھا۔

ڈاکٹر زعیم ضیاء نے کہا کہ رواں سال ڈینگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہو گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے57 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد تعداد 1388 تک پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب سندھ کے شہر خیرپور میں سیلاب سے متاثر علاقوں میں وبائی امراض تیزی سے بڑھنے لگے ہیں، 24 گھنٹوں کے دوران ملیریا اور گیسٹرو کے باعث مزید 3 افراد انتقال کر گئے۔ ملیریا اور گیسٹرو کے باعث انتقال کرنے والوں میں ایک بزرگ اور دو بچیاں شامل ہیں۔

چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر بختیار احمد کا کہنا ہے کہ وبائی بیماریوں کو روکنے کے لیے شہر و دیہات سے سیلابی پانی نکال کر صفائی کے بہتر انتظامات کیے جائیں۔