صاحبزادہ حامد رضا کی عمران خان سے ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال


اسلام آباد(صباح نیوز)سنی اتحاد کونسل کے سربراہ  صاحبز ادہ حامد رضا نے تحریک انصاف چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے خصوصی ملاقات ہوئی ہے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صاحبزادہ حامد رضا کی حکمران جماعت کی جانب سے ریاستی وسائل کے ذریعے چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف مذہبی منافرت کو ہوا دینے کی کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ مجرموں اور کرپٹ کرداروں پر مشتمل حکمران اتحاد ملک میں مذہبی انتشار چاہتا ہے،اسلاموفوبیا کے تدارک اور ناموس رسالتۖ کی پاسبانی کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف کی خدمات بے مثال اور قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں مسلسل شکست سے دوچار گروہ اپنی سیاست بچانے کے لئے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے، حکمران اتحاد کو متنبہ کرتے ہیں کہ اس قسم کی کوششوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ان کی نالائقی اور نااہلیوں کی وجہ سے ملک پہلے ہی انتشار اور معاشی بدحالی کی دلدل میں ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ عمران خان کے اتحادی ہیں اور انکی حقیقی آزادی کی تحریک میں انکا ساتھ دیتے رہیں گے۔

اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے صاحبزادہ حامد رضا اور سنی اتحاد کونسل کا حمایت پر شکریہ ادا کیا ہے۔