کراچی (صباح نیوز)پاکستان کے خلاف سات ٹی20 انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے جوز بٹلر کی قیادت میں انگلینڈ کی 19 رکنی کرکٹ ٹیم کراچی پہنچ گئی۔انگلینڈ اور پاکستان کے مابین سات میچز پر مشتمل سیریز 20 ستمبر سے شروع ہوگی ،دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز کے پہلے مرحلہ میں ابتد ائی چار ٹی20 انٹرنیشنل میچز کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے ۔
دبئی کے راستے آنے والی مہمان ٹیم کی آمد کے موقع پرسکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، اپنی آمد کے بعد انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر مقامی ہوٹل میں 2 بجے پریس کانفرنس کریں گے۔سیریز کے ابتدائی چار میچز 20، 22، 23 اور 25 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ آخری تینوں میچز بالترتیب 28، 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں طے ہیں۔
کراچی میں دونوں ٹیمیں ہفتہ کی شام سات بجے اپنے پریکٹس سیشنز کا آغاز کریں گی، یہ عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا جبکہ میچز کا آغاز شام ساڑھے سات بجے ہوا کرے گا۔
قبل ازیں، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے پنڈلی کی تکلیف سے صحتیاب جوز بٹلر کی قیادت میں معین علی کو 19 رکنی ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا تھا جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ہیری بروک، جارڈن کوکس، سیم کرن، بین ڈکٹ، لیام ڈاسن، رچرڈ گلیسن، ٹام ہیلم، ول جیکس، ڈیوڈ ملان، عادل رشید، فل سالٹ، اولی اسٹون، ریس ٹاپلے، ڈیوڈ ولے، کرس ووکس، لیوک ووڈ اور مارک ووڈ شامل ہیں۔
دوسری جانب پی سی بی نے انگلینڈ کے ساتھ سیریز کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا ہے جس میں انگلینڈ کے ڈیوڈ گاور، مارک بچر کے علاوہ وسیم اکرم، وقار یونس، عامر سہیل، بازید خان اور عروج ممتاز کمنٹیٹرکے فرائض انجام دیں گے جبکہ زینب عباس پریزنٹر کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں گی۔