ڈرامہ ارطغرل غازی کے جلال آل سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے کراچی پہنچ گئے


کراچی(صباح نیوز)سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد ملک بھر میں متاثرین کی مدد کے لیے حکومت اور فلاحی تنظیموں کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اب معروف شخصیات نے بھی پاکستان آنے کا سلسلہ شروع کردیا۔  ترک اداکار جلال آل (عبدالرحمان) بھی سیلاب متاثرین کی مدد اور ان کے لیے کیے جانے والے فلاحی کاموں کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان پہنچ گئے۔

شہرہ آفاق ڈرامے ارطغرل غازی سے شہرت حاصل کرنے والے جلال آل نے  انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی،  ترک اداکار نے  مداحوں کو بتایا کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے پاکستان میں موجود ہیں۔ انہوں نے ترک زبان میں بات کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کی مشکلات کا ذکر کرنے کے علاوہ ان کی مدد سے متعلق بھی مداحوں کو آگاہ کیا۔

جلال آل نے ترک زبان میں لکھی گئی پوسٹ میں بتایا کہ ترکی کی حکومت بھی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے حکومت پاکستان کی مدد کر رہی ہے جب کہ وہ بھی متاثرین کے لیے ہی یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے مداحوں کو گزارش کی کہ وہ بھی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئیں اور اپنے موبائل سے 2868 پر خالی میسیج کرکے ہلال احمر کی مدد کریں۔

  جلال آل کی جانب سے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے پاکستان آمد پر مداحوں نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں حقیقی ہیرو بھی قرار دیا۔جلال آل سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بیرون ملک سے پاکستان پہنچنے والی پہلی شوبز شخصیت ہیں، تاہم ان کے بعد مزید ترک اور دیگر عالمی اداکاروں کے بھی پاکستانی دورے کے امکانات ہیں۔