میں ساری زندگی اپنے علاوہ سب کو دستیاب رہا۔ جب کہیں سے کسی کو بھی آواز دی گئی میرے منہ سے جی ہی نکلا اکثر مجھے شرمسار بھی ہونا پڑا کیونکہ وہ آواز مجھے نہیں دی گئی تھی۔ پر میں پھر بھی سب کو دستیاب رہا۔ آج میری بیوی نے کہا کہ اگر ہم لوگ کسی کو فوری دستیاب ہوتے ہیں تو اسکا ہرگز مطلب یہ نہیں کہ ہم فارغ ہیں یا ہمیں کوئی کام نہیں ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ “آپ سب کاموں سے اہم ہیں ” لیکن اکثر دوسرا انسان ہمیں فضول سمجھ لیتا ہے۔ میں مسکرایا کہ نہیں اب میں بدل چکا ہوں۔ اسکی آنکھیں بھر آئیں کہنے لگی محمد اظہر حفیظ سارا جیون آپکے ساتھ بیت گیا آپ نہیں بدل سکتے لوگوں نے آپ کو بار بار دھوکے دیئے اور جب انکو ضرورت پڑی آپ پھر مدد کو چل پڑے۔ اب کیا کہتا سچ کو جھٹلانا بھی تو نہیں آتا۔ دنیا کی کوئی بیٹی بھی مشکل میں ہو۔ میں اپنے آپ کو روک نہیں پاتا اور اس مسئلے کو حل کروانے نکل پڑتا ہوں اور اللہ کے فضل سے سارے مسئلے حل کروائے الحمدللہ ۔
پر ایسے والدین جن کے بچے نفسیاتی مریض ہیں، نشے کی عادت میں مبتلا ہوتے ہیں ، پیر پرست اور قبرپرست ہوتے ہیں مجذوب ہیں اور وہ یہ خیال کرتے ہیں کہ انکی شادی کر دی جائے تو یہ ٹھیک ہوجائیں گے وہ شدید غلطی کرتے ہیں ۔ انکو چاہیے کہ کسی اچھی علاج گاہ سے انکا علاج کروائیں نا کہ کسی بچی اور اسکے خاندان کے ساتھ ظلم کریں۔ اپنے جھلے بچے بھی ماں باپ کو بہت سیانے لگتے ہیں۔ ایسے جھلوں کو گھر مقید رکھیں یا انکا مناسب علاج کروائیں ۔ اب بہت ساری علاج گاہیں موجود ہیں۔ خود ساختہ روحانی لوگ برائے مہربانی سادہ لوح لوگوں کو عذاب میں مبتلا مت کریں کسی پیر ، فقیر ، مرشد کی بہن بیٹی سے ہی انکی شادی فرمائیں تاکہ وہ انکے جذبات اور احساسات کو سمجھ سکیں، میں مکمل کوشش کرتا ہوں اپنی ماں، بہن، بیٹی، بھتیجی، بھانجی، بیوی، بھابھی سب کا مکمل احترام کروں اور ان سے وابستہ سب رشتوں کا بھی احترام کروں ۔ میرے سے وابستہ سب لوگ اس کی گواہی دیں گے انشاء الله ۔
پڑھے لکھے لوگوں کو جب اس تمیز سے عاری دیکھتا ہوں تو خاصی تکلیف ہوتی ہے۔ پہلے تو اس کو مہلت دیتا ہوں اور خاموش رہتا ہوں ۔ جب وہ میری خاموشی کو کمزوری سمجھتے ہیں تو پھر بہترین طریقے سے سمجھاتا ہوں۔ یاد رکھیں جو اپنے گھر والوں کے حقوق مکمل ادا نہیں کرتا نہ وہ روحانی ، نہ ہی تبلیغی اور نہ ہی اسلامی انسان ہوسکتا ہے اللہ اور اس کے رسولؐ پر ایمان لانے والا حقوق العباد کا مکمل پاسبان ہوتا ہے ۔ ورنہ اس کو اپنی تعلیمات پر غور کرنا چاہیے کہیں وہ کفر کی حدیں تو پار نہیں کر رہا۔ جو عبادت اللہ اور اس کے رسول صلی الله علیہ وسلم نے بیان نہیں فرمائی یا ادا نہیں کی برائے مہربانی صرف خواب بیان کرکے آپ صلی الله علیہ وسلم سے منسوب مت کریں ۔ شکریہ اگر تصویر حرام ہے تو پھر تمام مرشدوں کی تصاویر بھی حرام ہیں۔ یہ مرشد بھی انسان ہوتے ہیں اگر انسان رہیں تو اسی میں انکی بہتری ہے۔عبادت وہی یے جو قرآن اور حدیث سے ثابت ہے باقی کہانیاں ہیں ۔ ان بابوں سے خاص معذرت جو اپنی نیکیوں اور بلند دراجات کے خود ہی گواہ ہیں۔ اور جو جنت میں جانے کی آجکل گواہیاں دیتے ہیں اللہ ان کے لیے آسانیاں عطا فرمائیں آمین۔ جنت میں جانے کی گواہی میرے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے عشرہ مبشرہ کو دی اور آپ کے وصال کے بعد یہ طاقت کسی اور کو نصیب نہیں ہوئی۔ جو اس کا دعویٰ کرتا ہے اس کیلئے ھدایت کی بس دعا کی جاسکتی ہے بے شک اللہ تعالی بہتر ہدایت دینے والے ہیں جو اس کی طلب رکھتے ہیں۔ اللہ ہم سب کو ہدایت کا راستہ اختیار کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین