اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ریاست کو کوئی ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا، کالعدم جماعت کی ہر جائز بات سننے کو تیار ہیں۔
انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کو کوئی ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا، جب سڑکیں بلاک کی جائیں اور املاک کو نقصان پہنچایا جائے، اس وقت کوئی معاہدہ نہیں رہتا، معاہدہ اس وقت ہوتا ہے جب معاہدے کی پاسداری ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو سیدھی گولیاں ماری جا رہی ہیں، ان کے گھروں میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے ، ہم کالعدم جماعت کی ہر جائز بات سننے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی، ن لیگ اکائونٹس کی تفصیلات کیلئے درخواست دی تھی، 3 سال میں ن لیگ کے اکائونٹس میں 45 کروڑ روپے آئے، جماعتوں کے اکائونٹس کی جانچ پڑتال الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ تھا سیاسی جماعتوں کے اثاثوں کی چھان بین کریں، سیاسی جماعتیں اثاثوں کے بارے میں ریکارڈ الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کی پابند ہیں، 4 روز سے فنانشل ایکسپرٹ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے اکائونٹس کا جائزہ لے رہے ہیں، ہماری ٹیم کے مطابق 45 کروڑ روپے کا ڈیٹا نہیں ملا، 3 کروڑ روپے بھون داس نامی شخص نے دیئے ہوئے ہیں، پیسہ بینک میں کراس چیک کے ذریعے آیا ہوگا، اس کی رسیدیں نہیں ہیں، پانامہ کیس میں فلیٹ کی مالیت مان لیں لیکن رسیدیں نہ دیں، رسیدوں کے نام پر ن لیگ نے قطری خط پیش کر دیا۔