پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری


اسلام آباد(صباح نیوز)ملک کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ پاک بحریہ کے 4 فلڈ ریلیف سینٹرز، 6 سینٹرل کلیکشن پوائنٹس، 2 ٹینٹ سٹی متاثرین کی خدمت میں مصروف ہیں، دونوں ٹینٹ شہروں میں 7139 افراد کی گنجائش ہے۔

پاک بحریہ کے ترجمان نے بتایا کہ بحریہ کے 56 میڈیکل کیمپس میں 38 ہزار 496 مریضوں کا علاج کیا گیا اور مختلف اضلاع میں 1262 ٹن راشن، 3310 خیمے اور 5 لاکھ 90 ہزار 577 لیٹر پینے کا پانی تقسیم کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں پاک بحریہ کی 23 ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے 46 موٹرائزڈ بوٹس اور 2 ہوور کرافٹوں سے پھنسے ہوئے 14 ہزار 779 افراد کو بچایا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ نے اندرون سندھ میں 2 ہیلی کاپٹر بھی تعینات کئے ہیں اور اب تک 50 پروازیں میں 465 پھنسے ہوئے لوگوں کو ریسکیو کیا گیا جبکہ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے راشن کے 3505 پیکٹ اور 300 کلو ادویات تقسیم کیں۔ پاک بحریہ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ پاک بحریہ کی 8 ڈائیونگ ٹیموں نے پاکستان بھر میں متاثرہ علاقوں میں 26 ڈائیونگ آپریشنز بھی کئے ہیں۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کے سی 130 طیاروں کی 90 اور ایم آئی 17 ہیلی کاپٹرز کی 92 جبکہ اے ڈبلیو 139 ہیلی کاپٹرز کی 54 پروازیں کی گئیں اور ہیلی کاپٹرز کے ذریعے 1521 افراد کو ریسکیو کیا گیا اور ہیلی کاپٹرز کے ذریعے 4800 خیمے، 2 لاکھ 16 ہزار 4 کھانے کے پیکٹ تقسیم کئے گئے۔

ترجمان نے بتایا کہ پاک فضائیہ کی ٹیموں نے 2584 ٹن راشن، ایک لاکھ 96 ہزار 677 لیٹر پینے کا پانی تقسیم کیا جبکہ پاک فضائیہ کے 19 ٹینٹ شہروں میں 18 ہزار 441 افراد مقیم ہیں، متاثرہ علاقوں میں پاک فضائیہ کے 54 ریلیف کیمپ اور 44 میڈیکل کیمپ کام کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ پاک فضائیہ پی اے ایف سندھ کے نواب شاہ، سکھر، میرپور خاص، تلہار، جیکب آباد،سیہون، پرپتھو میں امدادی کاموں میں مصروف ہے جبکہ بلوچستان کے سمنگلی، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ ، پنجاب میں راجن پور اور ڈی جی خان میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاک فضائیہ گلگت بلتستان، سکردو، غذر، نلتر، گانچھے اور کے پی کے میں نوشہرہ، چارسدہ، خاصگی، سیدو شریف، شانگلہ، لارام میں توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔