نیشنل اسمبلی ایمپلائز کواپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی کے اختیارات کے غلط استعمال کا نوٹس


اسلام آباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے  ہاؤس اینڈ لائبریری میں نیشنل اسمبلی ایمپلائز کواپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ کے اختیارات کے غلط استعمال کے معاملات کا نوٹس لیتے ہوئے سوسائٹی کی انتظامیہ اور عہدیداروں کو20ستمبر کو کمیٹی کے اجلاس میں طلب کرلیا۔

گزشتہ روز کمیٹی کا اہم نوعیت کا ایجنڈا جاری کردیا گیا۔ اجلاس کمیٹی کے چیئرمین ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہداکرم درانی کی صدارت میں ہوگا۔ اس خبر رساں ادارے کو دستیاب ایجنڈے کے مطابق کمیٹی کی جانب سے متذکرہ ہاؤسنگ سوسائٹی انتظامیہ کے گھپلوں ، بدانتظامی اور دیگر بے قاعدگیوں کا جائزہ لیا جائے گا اور اس ضمن میں الاٹیز کی شکایات پر غور کیا جائے گا۔

سوسائٹی کی انتظامیہ کی ان گھپلوں اور بے قاعدگیوں کی تحقیقات کیلئے  معاملہ نیب اور ایف آئی اے کے سپرد کرنے کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ اجلاس کی کارروائی کے دوران سرکاری ملازمین کے بجٹ کے حوالے سے پے اینڈ الاؤنسز اورمجموعی طورپر متعلقہ  رولز پر بھی بحث ہوگی۔ پارلیمنٹ لاجز میں سی ڈی اے کے ملازمین کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لیتے ہوئے بھی تعینات عملے کی تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں۔ پارلیمنٹ لاجز میں تعمیر ومرمت کے کاموں کے حوالے سے ارکان کی شکایات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔