19ستمبر کو اسپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے استعفوں کے معاملے پر رولنگ کے اجرا کا امکان


اسلام آباد(صباح نیوز) قومی اسمبلی کا آئندہ اجلاس 19ستمبر کو ہوگا، پاکستان تحریک انصاف کے مستعفی ارکان سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ متوقع۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کیلئے  وزارت پارلیمانی امور نے  قانون سازی کے ایجنڈے کے سلسلے میں ضروری تیاری شروع کردی، ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں ایک بار پھر تحریک انصاف کے مستعفی ارکان کے استعفوں کے معاملے پر غور و خوص شروع ہوگیا ہے۔

یہ معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے  تحریک انصاف کے  ایم این اے شکور شاد کے  استعفیٰ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کی  جانب سے کالعدم قرار دینے  کے ضمن میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں زیر غور آگیا ۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ قومی اسمبلی  سیکرٹریٹ میں عدالتی حکم کی کاپی کے حصول کیلئے رجوع کرلیا گیا ہے۔ آئندہ ہفتے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی جانب سے تحریک انصاف کے  مستعفی سرکردہ ارکان سے  رابطوں کا امکان ہے۔ پارلیمانی حلقوں نے19ستمبر کو استعفوں کے معاملے پر اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی جانب سے  رولنگ جاری کیے جانے کا امکان ظاہر کیا ہے آئندہ چند دنوں میں قومی اسمبلی کے اجلاس کیلئے سمری ایوان صدر کو ارسال کردی جائے گی۔