مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب سے متاثرہ بہن ،بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں،کمال پاشا


اسلام آباد(صباح نیوز)جنرل سیکرٹری سی ڈی اے ایمپلائز یونین پاشا گروپ کا سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے امدادی کیمپ لگانے کا اعلان۔

تفصیلات کے مطابق جنرل سیکرٹری سی ڈی اے ایمپلائز یونین پاشا گروپ کمال پاشا  نے سی ڈی اے کے مختلف ڈائریکٹریٹ میں سیلاب متاثرین کیلئے   امدادی ریلیف کیمپ لگانے کا اعلان کیا ہے، امدادی کیمپ چیئرمین آفس ، اولڈ نیول ہیڈ کوارٹر،  فائر بریگیڈ،  سینی ٹیشن  ہیڈ آفس، انوارمنٹ آفس،سیکرٹریٹ  میں صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک لگائے جائیں گے ۔

کمال پاشا نے اپیل کی ہے کہ   تمام سی ڈی اے ملازمین حسب توفیق دل کھول کے عطیہ  اور  خیرات کریں تاکہ سیلاب زدگان کی امداد کی جاسکے۔

جنرل سیکرٹری سی ڈی اے ایمپلائز یونین پاشا گروپ  کمال پاشا کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم اپنے سیلاب سے متاثرہ بہن اور بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں، انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، سی ڈی اے ایمپلائز یونین سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے امدادی سامان اور رقم جمع ہونے کے بعد متاثرین میں تقسیم کرے گی