سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے الخدمت فاؤنڈیشن کی کوششوں کو عالمی سطح پر بھی پذیرائی مل رہی ہے ،رہنما جماعت اسلامی حلقہ خواتین


اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی حلقہ خواتین اسلام آباد کے تحت جامعہ تفہیم القرآن ایچ _ 8/2 میں متاثرین سیلاب کے لیے امدادی سامان اور سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان سکینہ شاہد، ناظمہ صوبہ پنجاب شمالی ثمینہ احسان،نائب ناظمہ صوبہ پنجاب شمالی نزہت بھٹی، ڈائریکٹر جامعہ المحصنات اسلام آباد زبیدہ اصغر اور ڈاکٹر اسما نے اسلام آباد کے امدادی کیمپ کا دورہ کیا، جہاں کارکنان پورے جوش ،محبت اور خلوص کے ساتھ سیلاب سے متاثرہ بہن بھائیوں کے لیے امدادی سامان پیک کر رہی تھیں۔

ڈپٹی سیکریٹری جنرل سکینہ شاہد نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام متاثرین کی بحالی کی شب و روز کوششوں کو نہ صرف ملک میں بلکہ عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کارکنان جماعت کو اپنی انفرادی اور اجتماعی اخلاقی تربیت کا بھی خصوصی خیال رکھنا چاہیے اور وقتا فوقتا اپنا جائزہ لینا چاہیے کہ ہماری جدوجہد کا اصل مقصد اللہ کی رضا ہے۔ ناظمہ صوبہ پنجاب شمالی ثمینہ احسان نے کہا کہ سیلابی صورت حال تمام پاکستانیوں کے لیے عبرت ہے،موجودہ صورت حال اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ ہمیں اللہ کے قوانین سے بغاوت نہیں کرنی چاہیے ۔

انہوں نے کہا ایل جی بی ٹی جیسے ایکٹ خواجہ سراوں کے حقوق کی آڑ میں پاس کرنا اور ریاست کی اخلاقی حالت کو بیرونی آقاوں کی خوشی کے لیے اپنے ہاتھوں سے تباہ کرنا،یہ سب رویے اللہ کے عذاب کو دعوت دے رہے ہیں۔ ثمینہ احسان نے کہا کہ عوام کو اب شعور کے ساتھ فیصلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب ،سوات اور بلوچستان کے لوگوں پر ایک قیامت گزر رہی ہے، اب ہمیں ہوش کے ناخن لینا چاہییں تاکہ ہم اللہ کی ناراضگی سے بچ سکیں۔

ناظمہ ضلع اسلام آباد نصرت ناہید نے دورہ کرنے والے ذمہ داران کو اسلام آباد میں جاری تمام سرگرمیوں کے بارے میں بتایا۔ نصرت ناہید نے کہا کہ مشکل ملکی حالات اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باوجود بھی عوام دل کھول کر الخدمت فاؤنڈیشن کو فنڈ اور سامان عطیہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے بچے بھی اپنی پاکٹ منی سیلاب متاثرین کے لیے جمع کروا رہے ہیں۔نصرت ناہید نے بتایا کہ امدادی کام کومنظم کرنے کے لیے تمام زونز کو الگ الگ اوقات میں بلایا جا رہا ہے اورسامان کی پیکنگ ایک خاندان کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر کی جا رہی ہے۔