ملک کی پائیدار ترقی کیلئے بہترین حکمت عملی شرحِ خواندگی میں اضافہ ہے،بلاول بھٹو


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کی پائیدار ترقی کیلئے بہترین حکمت عملی شرحِ خواندگی میں اضافہ ہے۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یومِ خواندگی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ شرحِ خواندگی بڑھانے کی مہم کو قومی تحریک میں تبدیل کرنا ناگزیر بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد پاکستان کی کئی شعبوں میں کارکردگی نمایاں رہی ہے لیکن ناخواندہ افراد کی تعداد پریشان کن حد تک زیادہ ہے، غربت، بیروزگاری، عدم برداشت اور بدامنی جیسے مسائل کے پیچھے ناخواندگی بھی ایک سبب ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ہر دورِ حکومت میں تعلیم کو ہمیشہ اولین ترجیحات میں رکھا گیا، قائد عوام شہید بھٹو کے دورِ حکومت میں سب سے زیادہ اسکول اور کالجز کا قیام عمل میں آیا۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا  کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے تعلیم کی بجٹ میں اضافہ کیا گیا اور اعلی تعلیمی ادارے قائم کئے گئے، صوبہ سندھ کی عوامی حکومت نے پرائمری سے اعلی ثانوی تک تعلیم مفت ہے، پیپلز پارٹی پورے ملک میں عوام کو پرائمری سے اعلی تعلیم تک مفت تعلیم کی فراہمی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی، شرحِ خواندگی کو 100 فیصد کیے بغیر ہم قوم کے بانی آباؤ اجداد کے خوابوں کو حقیقت میں تبدیل اور ان کے مشن کو مکمل نہیں کرسکتے۔