کڈنی ہلز ریفرنس میں احتساب عدلت سے سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور اعجاز ہارون کو ریلیف مل گیا


اسلام آباد(صباح نیوز)سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ  اور پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور اعجاز ہارون کو نئے نیب قانون کے تحت احتساب عدالت سے ریلیف مل گیا۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں جج محمد بشیر  نے جعلی اکاؤنٹس سے جڑے کڈنی ہلز ریفرنس سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی،

سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان کو ریلیف دے دیا۔ سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا اور اعجاز ہارون، طارق محمود سمیت سات ملزمان کو نیب ترمیمی بل کے تحت ریلیف ملا اور عدالت نے  نیب سیکنڈ ترمیمی ایکٹ 2022 کے تحت ریفرنس واپس لینے کا حکم دے دیا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے درخواستوں پر فیصلہ سنایا اور کہا کہ نیب ترمیمی بل کے تحت ریفرنس عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔

واضح رہے کہ ریفرنس میں اعجاز ہارون، سلیم مانڈوی والا ، طارق محمود سمیت سات ملزمان نامزد تھے، جنہوں نے نیب ریفرنس کو چیلنج کررکھا تھا، احتساب عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا۔