اسلام آباد(صبا ح نیوز)وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کا پارہ تاحال18 فیصد سے زائد رہا جبکہ مہنگائی کی مجموعی سطح میں صفر اعشاریہ 67 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کی ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی گئی جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 20 اشیا خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ،رواں ہفتے دالیں،گھی،انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ مہنگائی کا پارہ تاحال18 فیصد سے زائد رہا۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں گھی کی قیمتوں میں بھی کمی نہ آ سکی ، ایک ہفتے کے دوران گھی کا اڑھائی کلو کنستر مزید 19 روپے تک مہنگا ہوکر 979روپے سے بڑھ کر 988 کی سطح پر پہنچ گیا۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران کیلے فی درجن دو روپے،آلو ایک روپے مہنگے ہوئے، رواں ہفتے لکڑی کی فی من قیمت میں 8 روپے تک کا اضافہ ریکارڈ ہوا جبکہ رواں ہفتے 8 اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں کمی بھی ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 22 روپے تک کمی ہوئی، رواں ہفتے آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 12 روپے تک کمی ہوئی جبکہ رواں ہفتے بریڈ ،مٹن ،چائے کی پتی سمیت 23 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا