الخد مت فاؤنڈیشن کے اسلام آباد میں قائم مرکزی ” فلڈ ریلیف کیمپ ”میں جاری امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی


اسلام آباد (صباح نیوز)سیلاب زدگان کے لیے الخد مت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اسلام آباد میں قائم مرکزی ” فلڈ ریلیف کیمپ ”میں جاری امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی آگئی ، شہر کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات بالخصوص کم عمر رضار بچوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے،

علاوہ ازیں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے مخیر افراد اور تنظیموں نے بھی الخد مت کے فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کر کے عطیات اور امدادی سامان جمع کروا یا،الخد مت فاؤنڈیشن اسلام آباد کے زیر اہتمام متاثرین سیلاب کے لیے کروڑوں روپے مالیت کا امدادی سامان لے کر درجنوں ٹر ک اور گاڑیوں کا ایک اور قافلہ ملک بھر کے مختلف علاقوں کو روانہ ہو گیا ہے ،

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں اسلم ، امیر جماعت اسلامی نصر اللہ رندھاوا ، الخد مت فاؤنڈیشن اسلام آباد کے صدرحامد اطہر ملک، زبیر صفدر اور دیگر نے خطاب کیا ۔تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے میاں محمد اسلم نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ الخدمت کے تحت پورے پاکستان میں بڑے پیمانے پرریلیف کا کام ہورہا ہے ، اسلام آباد کے عوام بھی دل کھول کر سیلاب زدگان کی مدد کے لیے اپنے عطیات جمع کروارہے ہیں،ملک بھر کی طر ح اسلام آباد کے شہری الخدمت پر اعتماد کرتے ہیں اور یہی جماعت اسلامی اور الخدمت کا خاصا ہے ،شہری بخوبی واقف ہیں کہ الخدمت کو دیے ہوئے عطیات حقیقی مستحقین تک ہی پہنچیں گے ۔

نصراللہ رند ھا وا نے کہا الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد 6 کروڑ سے زائد کا امدادی سامان بھیج چکے اور آج ہم 13 کروڑ سے زائد کا سامان بھیج رہے ہیں،  الخدمت فلڈ ریلیف کیمپ میں ہونے والی امدادی سرگرمیوں میں روزانہ کی بنیاد پرسینکروں رضاکارشہریوں کی جانب سے جمع کیے گئے امدادی سامان کو سیلاب زدگان کی ضرورت کے مطابق الگ الگ پیکنگ کرتے ہیں جو ٹرکوں کے ذریعے متاثرہ علاقوں تک روانہ کیاجاتا ہے ۔

حامد اطہر ملک نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی سیلاب متاثرین کے لئے کی جانے والی خدمات قابل تحسین اور تقلید ہے، ہم اس موقع پر اسلام آباد کے مکینوں کا اس بڑی امداد پرشکریہ ادا کرتے ہیں ،الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد کے رضاکاروں نے بہترین کام کیا۔