نائب ناظمہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین شمالی پنجاب نزہت بھٹی کااسلام آباد کے مرکزی امدادی سیل کا دورہ


اسلام آباد (صباح نیوز)جماعت اسلامی حلقہ خواتین شمالی پنجاب کی نائب ناظمہ اورنگران اسلام آباد نزہت بھٹی نے اسلام آباد کے مرکزی امدادی سیل جامعہ تفھیم کا دورہ کیا۔ انہوں نے خواتین کے کام کو سراہا اور تاکید کی کہ کام کے لیے جذبہ اللہ کی رضا رکھیں گے تو یہ کام اللہ اپنی خاص مدد سے کروائے گا۔

نزہت بھٹی نے کام کو مزید بہتر کرنے کے لیے خواتین کو بریفنگ دی۔جماعت اسلامی حلقہ خواتین، امیر جماعت سراج الحق کی تاکید پر یکم تا 10 ستمبر عشرہ اجتماعی استغفار کا اہتمام کر رہی ہے۔ صوبہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقے، جبکہ پنجاب اور خیبر پختون خوا کے کئی اضلاع غیر معمولی بارشوں اور ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال سے متاثر ہوئے ہیں اور ایک اندازے کے مطابق تین کروڑ سے زائد آبادی براہ راست سیلاب کا شکار ہوئی ہے۔

اس موقع پرجماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ناظمہ ضلع نصرت ناہید نے کہا کہ یہ صورت حال اللہ تعالی کی ناراضی کا مظہر ہے، جس کا واحد حل اللہ تعالی سے معافی اور استغفار ہے۔ اس سلسلے میں جماعت کے پروگراموں میں اجتماعی طور پر استغفار کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان اور قیادت الخدمت کے رضا کاروں کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ملک بھر کی طرح جماعت اسلامی کے کارکنان اسلام آباد میں بھی امدادی سامان  اورامداد جمع کر رہے ہیں اور جسے الخدمت کے ملک گیر نظام کے ذریعے متاثرین تک پہنچایا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں الخدمت کے رضاکار شہر اور مضافاتی علاقوں میں قائم کردہ 24 سنٹرز سے عوام کی جانب سے دیے گئے سامان اور نقد رقوم مرکزی کیمپ واقع جامعہ تفہیم القرآن ایچ 8 میں منتقل کررہے ہیں۔ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی کارکنان اس سامان کی چھانٹی کر کے اور اسے ترتیب دے کر پیک کرنے میں مصروف عمل ہیں، تاکہ اس سامان کی متاثرین تک ترسیل سہل بنائی جا سکے۔ حلقہ خواتین جماعت اسلامی سامان کی چھانٹی کر کے ایک خاندان کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے فیملی پیکس تیار کر رہی ہیں۔ جس میں مردانہ ،زنانہ اور بچوں کے کپڑے ، جوتے،جائے نماز ،بیڈ شیٹس اور روز مرہ کی استعمال میں آنے والی اہم اشیا کو شامل کیا جا رہا ہے۔راشن کے پیکٹس بھی ایک فیملی کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے بنائے جا رہے ہیں۔سامان کی چھانٹی کے دوران ایسا سامان جو قابل استعمال نہ ہو اس کو الگ کر دیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ دو دن قبل ہفتہ کے روز اسلام آباد سے 20 ٹرک جنوبی پنجاب پہنچ چکے ہیں جبکہ اتوار کو 20 ٹرکوں کا قافلہ اسلام آباد سے سندھ جا چکا ہے۔یہ کام تسلسل سے جاری ہے۔ جماعت اسلامی کی خواتین مغرب تک جبکہ مرد حضرات رات گئے تک اس کام میں مصروف عمل رہتے ہیں۔