عسکری ادارے قطری مسلح افواج کو تربیتی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں،خواجہ محمد آصف


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عسکری ادارے قطری مسلح افواج کو تربیتی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی نے ملاقات کی۔

اس موقعے پر وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، قطر سے قریبی تعلقات ہیں اور اس کا خطے میں کلیدی کردار ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ قطر کے ساتھ ہمارے تعلقات باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہیں، باہمی تعاون کو اقتصادی دائرہ کار سے مختلف شعبوں تک بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دفاع، فوجی مشقوں، تربیت اور مشترکہ منصوبوں تک تعلقات کو وسعت دی جا سکتی ہے، ہمارے عسکری ادارے قطری مسلح افواج کو تربیتی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ وزیر دفاع نے پاکستان میں حالیہ سیلاب میں قطر کی بروقت امداد کو بھی سراہا۔

قطری سفیر  نے ملاقات کے دوران کہا کہ  توقع ہے کہ نئی حکومت باہمی تعاون بڑھانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی، پاکستان کی موجودہ حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں۔ قطری سفیر نے دفاعی شعبے میں تعاون کو بڑھانے اور مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی خواہش ظاہر کی۔