اسپیکر قومی اسمبلی کا سابق وزیراعظم عمران خان کے ریاستی اداروں کے خلاف بیانات کی تحقیقات کا مطالبہ


اسلام آباد (صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سابق وزیراعظم عمران خان کے ریاستی اداروں کے خلاف بیانات کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا،ہوسِ اقتدار سابق وزیر اعظم  کو اِس حد تک لے گئی ہے کہ  وہ حواس باختہ ہو کر ذاتی مفاد کو ملکی مفاد پر ترجیح دے رہے ہیں اس امر کا اظہار انھوں نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے  عمران خان کے  سیاسی مفاد کی خاطر متنازع بنانے کی کوشش سے متعلق بیانات کی مزمت کرتے ہوئے  یہ سوال اٹھایا کہ ستمبر کے اس ماہ میں جب  قوم اپنے  ان غیور بیٹوں  کو نذرانہ قیدت پیش کر رہی ہے جنہوں نے  جانیں ہتھیلی پر رکھ کر مادرِ وطن کا دفاع کیا اور مسکراتے ہوئے اپنی جانیں دھرتی پر قربان کر دیں  اور دوسری طرف جہاں پاک فوج کے جوان سیاب میں گھرے پاکستانوں کی مدد میں مصروفِ عمل ہیں، ایسے موقع پر  اپنے ہی ملک کی فوج پر  بے سروپا الزامات لگانے  اور انگلیاں اٹھانے کا کیا مقصد ہے۔

اسپیکر  قومی اسمبلی نے یاد دلایا کہ ماضی میں بھی ہر اہم حساس قومی مواقع پر تحریک انصاف کے راہنما نے ایسی ہی بچکانہ غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا تھا جن سے ملک دشمنی کی بو آتی ہے۔ اِس ضمن میں چینی صدر کے دورہ پاکستان کو سبوتاژ  کرنے کے لیئے دیا جانے والا دھرنا اور حال ہی میں آئی ایم ایف سے ہونے والے مذاکرات کو ناکام بنانے کی سازش قابل ذکر  ہیں۔ ہوسِ اقتدار سابق وزیر اعظم  کو اِس حد تک لے گئی ہے کہ  وہ حواس باختہ ہو کر ذاتی مفاد کو ملکی مفاد پر ترجیح دے رہے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے گزشتہ روز  شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے پانچ  فوجی جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا کہ جس وقت ملک کے سپوت مملکت کی جغرافیائی اور نظریاتی جنگ میں برسرپیکار ہیں اور شہادتوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں تو بجائے ان کی پشت مضبوط کرنے کے ،عمران خان ان کے حوصلے پست کرنے کی مہم چلا رہے ہیں۔

اسپیکر نے اِس خدشے کا اظہار کیا کہ کہیں یہ پاکستان دشمن قوتوں کی سوچی سمجھی سازش تو نہیں کہ مملکت کو اندر سے کمزور کیا جائے اور اِن مزموم مقاصد کے لیئے عمران خان جیسے آلہ کار استعمال ہو رہے ہوں۔ اسپیکر نے ِاس معاملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا اور  ملک کی تمام محب وطن قوتوں  پر زور دیا کہ وہ متحد ہو اور ایسی سازشوں کو ناکام بنائیں