چیئرمین سینیٹ کا تعلیمی پارلیمانی کاکس قائم کرنے کا اعلان


اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے تعلیمی پارلیمانی کاکس قائم کرنے کا اعلان کردیا ،کاکس کا جلد باقاعدہ نوٹیفکیش جاری کر دیا جائے گا فورم صوبوں کے ساتھ مل کر تعلیم کے فروغ، تعلیم کے شعبے میں پیش آنے والی مشکلات اور پسماندہ علاقوں میں تعلیم اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اپنی سفارشات مرتب کرے گا۔

ان خیالات کا اظہارانھوں نے بلوچستان کے مختلف کالجز پر مشتمل پروفیسرز اور لیکچرز کے ایک وفد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد ان دنوںصوبوں کے تعلیمی اداروں اور جامعات کے مطالعاتی دورے پر ہے۔ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے نوجوان نسل کا ہمیشہ کلیدی کردار رہا ہے تاہم استاتذہ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نوجوان نسل کی کردار سازی کے ساتھ ساتھ تخلیقی سوچ اور مثبت طرز عمل کو پروان چڑھانے کیلئے اپنی توانائیاں بروئے کار لائیں تاکہ ملک کی مجموعی سماجی و معاشی ترقی میں بھر پور کردار ادا کیا جا سکے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اللہ تعالی نے بلوچستان کو مختلف قدرتی وسائل سے نوازاہے اور ان قدرتی وسائل سے استفادہ کر کے صوبے کی ترقی کا عمل تیز تر کیا جا سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اس سلسلے میں مقامی سطح پر پیشہ وارانہ تربیت اور مہارت کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے ذریعے روزگار کے مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں اور اس مقصد کی خاطر نوجوان نسل میں کاروباری سوچ اور فکر کی نشو ونما ضروری ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے استاتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کی ذہین سازی کریں تا کہ وہ ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔ چیئرمین سینیٹ نے تعلیمی اور مطالعاتی دوروں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے دیگر تعلیمی اداروں کے ساتھ رابطہ کاری اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع ملتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے وفد کو بتایا کہ ایوان بالا میں تعلیم کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک کاکس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے اور جلد ہی اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک اہم فورم کے طور پر صوبوں کے ساتھ مل کر تعلیم کے فروغ، تعلیم کے شعبے میں پیش آنے والی مشکلات اور پسماندہ علاقوں میں تعلیم اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اپنی سفارشات مرتب کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے استاتذہ اور پروفیسرز بھی اس فورم کے ساتھ ملکر ایسی تجاویز مرتب کر سکتے ہیں جس سے صوبے میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

چیئرمین سینیٹ نے وفد کو ایوان بالا کے اغراز و مقاصد اور آئینی کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔ قبل ازیں استاتذہ کے وفد نے چیئرمین سینیٹ کو بتایا کہ اس مطالعاتی دورے میں بلوچستان کے مختلف کالجز کے سینئر استاتذہ، لیکچر اور پروفیسرز شامل ہیں۔ وفد نے دورے کے اغراز و مقاصد کے بارے میں چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا۔ انہوں نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کیا۔ملاقات میں سینیٹر نصیب اللہ بازئی بھی موجود تھے۔