توہین عدالت کیس ، آئندہ سماعت پر رانا شمیم سے گواہوں کی فہرست طلب


اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہینِ عدالت کیس میں آئندہ سماعت پر سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم سے گواہوں کی فہرست طلب کرلی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم توہین عدالت کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ الزام ثابت ہونے تک عدالت ہرملزم کو بے گناہ تصورکرتی ہے۔ اس بیان حلفی کا بار ثبوت آپ پر ہے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ بیان حلفی پبلش ہوچکا ہے اب بار ثبوت آپ پر ہے۔ عدالت صحافی کے سورس کا احترام کرتی ہے۔

رانا شمیم نے کہا کہ مجھے احساس ہے یہ بیان حلفی پبلش نہیں ہونا چاہیے تھا جس پراسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ آپ اپنے دفاع میں گواہوں کی فہرست جمع کرا دیں۔سابق چیف جج نے عدالت سے کہا کہ مجھے گواہوں کو دیکھنا ہوگا کہ کون پیش ہوسکتا ہے۔ مجھے گواہوں کی فہرست کی تیاری کے لیے وقت دیا جائے۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ جو گواہ نہیں آئے گا عدالت طلب کرلے گی۔ اس عدالت نے اس داغ کو بھی صاف کرنا ہے۔ توہین عدالت کا مطلب ہوتا ہے کہ دوسرے کو احساس ہو۔

رانا شمیم نے کہا کہ میری وصیت میں لکھا ہوا ہے کہ میری وفات کے بعد اس کو سامنے لایا جائے۔ میرے دادا جج تھے ، میرا پوتا اس عدالت میں وکیل ہے۔ اگرمیں نے کسی کو دیا ہو وہ بیان حلفی تو میں ذمہ دار ہوں۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئندہ سماعت پر رانا شمیم سے گواہوں کی فہرست طلب کرتے ہوئے سات ستمبر کو گواہوں کی فہرست جمع کرانے کا حکم دے دیا۔