امریکی کانگریس کے وفد کی سیلاب کی تباہ کاریوں پر تشویش، مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کااعادہ


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان کے دورے پر آئے امریکی کانگریس کے وفدنے سیلاب کی تباہی کے حوالے سے مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کا اعلان کیا ہے ۔

اس امرکا اظہار وفد نے پیرکو اسلام آباد میں وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سینٹر شیری رحمان سے ملاقات میں کیا۔امریکی کانگریس کی رکن شیلا جیکسن لی،ٹام سوزی، آل گرین نے وفد کی سربراہی کی۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم بھی امریکی وفد شامل تھے۔

وزارتی بیا ن کے مطابق امریکی وفد اور وزیرموسمیاتی تبدیلی کے درمیان ملاقات میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیرنے امریکی وفد کو امدادی کاوشوں سمیت متاثرین کی بحالی کے لیے درکار امداد سے آگاہ کیا۔

سینٹر شیری رحمان نے کہا کہ جنوب کے علاقے اب بھی زیر آب ہے جو اب انسانی صحت کے لیے خطرہ ہے۔ سیلاب سے 33 ملین افراد شدید متاثر ہوئے ہیں۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی وجہ ہیلتھ ایمرجنسی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔سیلاب کے باعث ابھرتے ہوئے بحران سے نمٹنے کے لیے فوری امداد کی ضرورت ہے۔

امریکی وفد نے جانوں کے ضیاع پر تعزیت اور گہرے افسوس کا اظہار کیا۔امریکی وفد نے مونسٹر مون سون کی تباہ کاریوں پر گہری تشویش کا اظہارکیا ہے امریکی وفدنے مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کا اعادہ کیا ہے۔