وزیراعظم کی خوشامد سے پاکستان اور جنرل صاحبان کو دنیا میں سبکی کا سامنا ہے،فواد چوہدری


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نام نہاد وزیراعظم کی خوشامد سے پاکستان اور جنرل صاحبان کو دنیا میں سبکی کا سامنا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نام نہاد وزیر اعظم آپ کو شا ید احساس نہ ہو لیکن آپ کی انتہائی گری ہوئی خوشامد سے پاکستان اور جنرل صاحبان کو دنیا میں شدید سبکی کا سامنا ہے کیونکہ نام نہاد ہی سہی وزیراعظم کچھ بھرم رکھتا ہے کہ ملک وہ چلا رہا ہے اور اسے عوام کا مینڈیٹ ہے آپ نے ہر بھرم ہی ختم کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز گل کی ضمانت پر نوٹس ہوا ہے ایک ایسا کیس جو پشاور ہائیکورٹ کے نزدیک اتنا بے وقعت ہے کہ صوبائی حکومت کو نوٹس دئیے بغیر ایف آئی آرمعطل کر دی گئی، اس کیس میں اسلام آباد میں شہباز گل ہفتوں سے پابندسلاسل ہے اور بدترین تشدد کا سامنا کر چکا ہے بہرحال یہ وقت بھی گزر جائے گا۔

ایک اور ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ جہاں تک مجھے یاد پڑتا ہے عمران خان نے غیر محب وطن کا ذکر ہی نہیں کیا تھا ہر جرنیل اور پاکستانی شہری محب وطن ہے، عمران خان نے میرٹ پر تقرری کی بات کی تھی ویسے بھی یہ سیاسی معاملہ ہے عدالتی نہیں، جج صاحبان کا ہر موضوع پر کمنٹس دینا نامناسب ہے۔