سینیٹ قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کا سیاسی کارکنوں پر تشدد کے تمام واقعات کا نوٹس


اسلام آباد (صباح نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق نے بعض ارکان پارلیمنٹ کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے ہراساں کرنے اور سیاسی کارکنوں پر تشدد کے واقعات کا مجموعی طور پر نوٹس لیتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے کل اہم نوعیت کے اجلاس میں بریفنگ طلب کر لی۔

آئی جی پولیس اسلام آباد کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کے بعض ارکان پارلیمنٹ اور سیاسی کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن، بعض ارکان پارلیمنٹ کو ہراساں کرنے، گھروں پر چھاپے، اسلام آباد میں مظاہرین پر شدید لاٹھی چارج اور شیلنگ کے واقعات کے ضمن میں قائمہ کمیٹی کی کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔ مجموعی طور پر ملک بھر میں متذکرہ واقعات کا نوٹس لے لیا گیا ہے۔

قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کا آج اہم نوعیت کا اجلاس ہو گا۔ اجلاس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ولید اقبال کی صدارت میں ہو گا۔ سیکرٹری وزارت انسانی حقوق، سیکرٹری وزارت داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب، چیف کمشنر اسلام آباد، پنجاب اور اسلام آباد کے پولیس سربراہان کو طلب کیا گیا ہے۔

کمیٹی کے اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق ارکان پارلیمنٹ کو ہراساں کرنے، حراست میں لینے، سیاسی کارکنوں پر تشدد، شہریوں کے املاک کو نقصان پہنچانے اور شہری آزادیوں کے بارے میں آئینی تحفظ کی خلاف ورزی کے واقعات کے ذمہ داران کے بارے میں کمیٹی کو آگاہی کی ہدایت کی گئی ہے۔ پنجاب اور اسلام آباد میں مجموعی طور پر تمام واقعات کے ذمہ داران کے تعین اور اس بارے میں کارروائی کی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔

انسانی حقوق سے متعلق دیگر واقعات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ گوانتاناموبے جیل سے کئی پاکستانیوں کی تاحال رہائی نہ ہونے کے واقعات کا بھی کمیٹی نے نوٹس لے لیا ہے۔ اسی طرح بچوں اور خواتین کے حقوق سے متعلق قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے کا بھی کمیٹی نے نوٹس لیا ہے اور وزارت سے جواب طلب کیا ہے۔