وزیراعظم کے کم بجلی استعمال کر نیوالے شہریوں کیلئے اعلان کردہ ریلیف پر عملدرآمد شروع


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے کم بجلی استعمال کرنے والے شہریوں کے لئے اعلان کردہ ریلیف پر عملدرآمد شروع کردیا گیا۔ فیول چارج ایڈجسٹمنٹ سے متعلق وزیراعظم شہبازشریف کے حکم پر وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی جانب سے باقا عدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

300 اور اس سے کم یونٹ استعمال کرنے والے صارفین سے بجلی کے بلوں میں ایندھن کی قیمت وصول نہیں کی جائے گی۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر نئے بلوں کی ادائیگی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔ بل ادائیگی کی آخری تاریخ میں توسیع بھی کر دی گئی جو شہری بل ادا کر چکے ہیں، آئندہ ماہ کے بلوں سے مطلوبہ رقم کم کر دی جائے گی۔

وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کردہ سہولت کا اطلاق تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیز اور کے الیکٹرک کے صارفین پر ہو گا۔ تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیزاور کے الیکٹرک کو نوٹیفکیشن پر فوری طور پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 201سے300یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین اگست کے مہینے کے لئے کوئی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ ادا نہیں کریں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اگر صارفین نے اگست کے بل ابھی تک ادا نہیں کئے توان کے بلوں سے ایف سی اے کی رقم منفی کر کے مقررہ تاریخ میں توسیع کی جائے اور اگر صارفین نے اگست کے بل ادا کردیئے ہیں تو ان کے ستمبر کے مہینے میں یہ رقم جمع کردی جائے۔نوٹیفکیشن سیکشن آفیسر (ٹیرف)سید متین احمد کی جانب سے جاری کیا گیا۔