اسلام آباد سے سپریم کورٹ کا جعلی جج گرفتار


اسلام آباد(صباح نیوز)ایف آئی اے نے اسلام آباد میں خود کو سپریم کورٹ کے جج کے طور پر متعارف کرانے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے  کی جانب سے جاری اعلامیہ میں تصدیق کی ہے کہ سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے جعلسازی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا، جو خود کو سپریم کورٹ آف پاکستان کا جج ظاہر کرتا تھا۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے کے مطابق ملزم فائز علی نے خود کو جج ظاہر کر کے متعدد سرکاری افسران اور حکومتی نمائندوں کو دھوکہ دہی سے اختیارات کے ناجائز استعمال پر اکسایا۔

ایف آئی اے کے مطابق گرفتار شخص پر الزام ہے کہ وہ اپنی جعلی شناخت کے زریعے عوام سے رقم بھی بٹورتا رہا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم کیخلاف سائبر کرائم سرکل کراچی میں بھی مقدمہ زیرتفتیش ہے۔ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم سرکل اسلام آباد کے مطابق ملزم کیخلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا، جبکہ اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔