ایشیا کپ،پاکستان نے ہانگ کانگ کو 155 رنز کے تاریخی مارجن سے شکست دیدی،سپر فور مرحلے میں جگہ بنالی


شارجہ(صباح نیوز)شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو جیت کیلئے 194 رنز کا ہدف دیا، مخالف ٹیم صرف 38 رنز پر ڈھیر ہوگئی، شاداب خان نے 8 رنز دے کر 4، محمد نواز نے 5 رنز دے کر 3، نسیم شاہ نے 7 رنز کے بدلے 2 اور شاہنواز دہانی نے ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

ایشیا کپ ٹی20 کے آخری گروپ میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 155 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ہانگ کانگ کی ٹیم پاکستان کی جانب سے دیا گیا 194 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 38 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے ابتدائی اوورز میں نسیم شاہ نے دو جب کہ دھانی نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا، جس کے بعد پاکستانی اسپنرز شاداب خان اور محمد نواز نے ہانگ کانگ کی بیٹنگ لائن و سنبھلنے نہ دیا۔

شاداب خان نے چار جب کہ محمد نواز نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ہانگ کانگ کی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہوسکا، کپتان نزاکت خان 8 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔اس سے قبل ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر 20 اوورز میں 193 رنز بنائے۔فخرزمان نے 41 گیندوں پر 53، محمد رضوان نے 57 گیندوں پر 78 رنز بنائے، کپتان بابراعظم صرف 9 رنز بناسکے۔خوشدل شاہ نے 15 گیندوں پر 35 رنز بنائے، انہوں نے آخری 4 گیندوں پر4 چھکے لگائے۔پاکستان نے سپر فور میں رسائی حاصل کرلی، اتوار کو پہلے میچ میں بھارت سے ٹاکرا ہوگا۔