وزیر اعظم کی ذاتی دلچسپی سے سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کا کام برق رفتاری سے جاری


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں سیلاب کی تباہ کاری اور ریلیف و بحالی کی  موجودہ صورت حال پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اعظم کو متاثرہ علاقوں میں تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی، خاص طور پر بجلی، پٹرول اور مواصلات کے نظام کی بحالی پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔

سیکرٹری وزارت بجلی نے وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ان کی ہدایت کے عین مطابق وزارت کے تمام افسران فیلڈ میں موجود ہیں، اور سیلاب کی وجہ سے بجلی کی فراہمی میں آنے والے تعطل کو بحال کرنے کی کاوشوں کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ 406 متاثرہ فیڈرز اگلے 24 گھنٹوں میں بحال ہو جائیں گے ،جہاں سے سیلابی پانی اتر چکا ہے۔ ان فیڈرز میں 04 پنجاب، 22 خیبرپختونخواہ، 90 سندھ اور 290 بلوچستان میں واقع ہیں۔ چئیرمین  این ایچ اے نے وزیر اعظم کو بتایا کہ انڈس ہائی وے N-55 کے بعض علاقے جہاں  ابھی  تک سیلابی پانی کھڑا ہے کے علاوہ تمام بڑی شاہراہیں جن میں N-5 جی ٹی روڈ  اور N-65 سکھر تا کوئٹہ روڈ  شامل ہیں ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں۔

وزیر اعظم کو مزید بتایا گیا کہ این ایچ اے کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں اور بارشوں اور سیلابی پانی کی وجہ سے سڑکوں پر پڑے شگاف پر کرنے کا کام بڑی تیزی سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی اے نے وزیر اعظم کو بتایا کہ ملک کی  تمام 51,733 موبائل کمیونیکیشن سائیٹس میں سے صرف 648 سائیٹس  سیلابی پانی کے کھڑا ہونے کی وجہ سے اب تک بحال نہیں ہو سکیں، جو ان شااللہ اگلے 24 گھنٹوں میں بحال ہو جائیں گی۔ وزیر اعظم نے ریلیف اور ریسکیو میں پیش پیش تمام اداروں کی کاوشوں کو سراہا، اور انہیں آفت زدہ علاقوں میں بسنے والے ہم وطنوں کی مشکلات کا ازالہ کرنے میں مزید محنت اور لگن سے کام کرنے کی ہدایت کی۔