وزراء بدمعاشی سے گریز کریں،ترجمان کالعدم ٹی ایل پی


کامونکی (صباح نیوز)کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزرا ء بدمعاشی سے گریز کریں، بھارت سے فنڈنگ کی بات کرنے والے منہ سنبھال کر بات کریں۔انہوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے آئینی و قانونی حق کو چھیننے کے لیے ہمیشہ طاقت کا استعمال کیا، وزرا بدمعاشی سے گریز کریں احتجاج جمہوریت کا حسن ہوتا ہے۔

ترجمان ٹی ایل پی نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کی کابینہ سے واضح ہوتا ہے کہ ملک میں ون مین شو چل رہا ہے، پی ٹی وی کی عمارت پر حملہ، سول نافرمانی کی تحریک، بجلی کے بل جلانے کی ترکیب، ملک جام کرنے کے حربے سب ارباب اختیار نے کیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سے فنڈنگ کی بات کرنے والے منہ سنبھال کر بات کریں، اسرائیل سے فنڈنگ کا کیس موجوہ حکمرانوں پر ہے جس کا فیصلہ نہیں ہونے دیا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ ہوا تو حکمران گرفتار اور آرٹیکل 6 کے تحت مقدمات ہوں گے۔