ہاکی اولمپیئن اور سابق کپتان منظورحسین جونیئردل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے


لاہور(صباح نیوز)پاکستان کے ہاکی اولمپیئن اور سابق کپتان منظورحسین جونیئرانتقال کرگئے۔ لاہور میں ہاکی کے مایہ ناز کھلاڑی منظورحسین جونیئر کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔ ان کی عمر 63 برس تھی۔ منظور جونیئرکو صبح دل کا دورہ پڑنے کے باعث شہر کے نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔

پی ایچ ایف کے صدر اور سیکرٹری جنرل نے منظور حسین جونیئر کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ منظورجونیئر نے قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 1984 کے لاس اینجلس اولمپکس میں گولڈ میڈل کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ وہ ہاکی ورلڈ کپ میں 1978 اور 1982 کی فاتح قومی ہاکی ٹیم کا بھی حصہ رہے۔ انھوں نے 1975 سے 1984 تک 175 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 86 گول اسکور کئے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے منظور حسین جونیئر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ پیغام میں لکھا کہ ہاکی کی دنیا کے لیجنڈ، اولمپیئن منظور حسین جو نیئر کے انتقال پر گہرا دکھ اور افسوس ہوا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند کریں اور سوگواران کو صبرِ جمیل عطا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گولڈ میڈلسٹ منظور حسین جونیئر قوم کا سرمایہ تھے، پاکستان ہاکی کیلئے انکی خدمات نا قابلِ فراموش رہیں گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہاکی لیجنڈ اور ذاتی دوست اولمپئن منظور حسین جونیئر کے انتقال پر اظہار تعزیت کی ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی استقامت عطا فرمائے۔