ہیلی کاپٹرز کو امدادی سامان پھینکنے کے لئے خشک زمین نہیں مل رہی ،شیری رحمان


اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیربرائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹرز کو امدادی سامان پھینکنے کے لئے خشک زمین نہیں مل رہی ہے۔

جرمن میڈیا کو انٹرویو میں وزیربرائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا کہ مسلسل آٹھ ہفتے سے ملک کے جنوبی حصے میں مون سون کی بارشیں جاری ہیں جس سے کئی اضلاع سمندر کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ پاکستان میں ایسی مون سون بارشیں پہلے کبھی نہیں ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے 3 کروڑ30 لاکھ افراد متاثرہوئے ہیں۔ یہ کسی بھی چھوٹے ملک کی آبادی کے برابر ہے۔انہوں نے کہا کہ اکثر علاقے چھوٹے سمندرجیسا منظر پیش کررہے ہیں۔ہیلی کاپٹرز کو امدادی سامان پھینکنے کے لئے خشک زمین نہیں مل رہی۔ سیلاب میں پہلی بار امدادی کاموں کے لئے بحریہ کو تعینات کرنا پڑا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ خراب موسم ماحولیاتی تبدیلی کا نتیجہ ہے۔ پورے سال خراب موسم کا ایک کے بعد دوسرا واقعہ سامنے آتا رہا۔