صدر مملکت نے نجی بینک کی بینکنگ محتسب کے فیصلے کے خلاف اپیل مسترد کر دی


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نجی  بینک کی بینکنگ محتسب کے فیصلے کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے  فراڈ سے متاثرہ شہری کو 8 لاکھ روپے کی رقم واپس کرنے کا محتسب کا فیصلہ برقرار رکھا،

لاہور کی شہری  کے اکاونٹ سے 8 لاکھ روپے اے ٹی ایم کارڈ کی مدد سے نکالے گئے ،اصل اے ٹی ایم کارڈ اکاونٹ ہولڈر کے پاس موجود تھا،نامعلوم شخص نے بینک کو فون کر کے اے ٹی ایم کا  پِن نمبر تبدیل کروایا ،بینک نے بغیر پوچھ گچھ کیے اے ٹی ایم  پِن  نمبر تبدیل کر دیا،

شہری کو رقم نکلنے پر صرف ایک اطلاعی پیغام موصول ہوا،بینک نے اپنے سسٹم میں شہری کی غلط معلومات  بلا اجازت داخل کیں ،غلط فون نمبرز کی وجہ سے شہری کو  فراڈ سے متعلق بروقت معلومات موصول نہ ہو سکیں ،

شہری نے پیغام ملنے پر بینک کو اطلاع دی ، ریلیف نہ ملنے پر بینکنگ محتسب سے  رجوع کیا،صدر نے فیصلے میں کہاکہ نجی بینک سی سی ٹی وی  کے حوالے سے اسٹیٹ بینک کی ہدایات نافذ کرنے میں ناکام رہا ،بینک نے محتسب کا فیصلہ  رد کرنے کے حق میں کوئی مناسب جواز پیش نہیں کیا ، بینک شہری کا دعوی مسترد کرنے  اور اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہا ، اس لئے نجی بینک کی بینکنگ محتسب کے فیصلے کے خلاف اپیل مسترد کی جاتی ہے ،