ایشیا کپ 2022: پاک-بھارت میچ کل دبئی میں کھیلا جائے گا


دبئی (صباح نیوز)ایشیا کپ میں پاکستان اپنی مہم کا آغاز کل اتوار کودبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں روایتی حریف بھارت کے خلاف ہائی وولٹیج میچ سے کرے گا۔آخری بار دونوں ٹیمیں گزشتہ سال اکتوبر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مدمقابل ہوئی تھیں جس میں پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

اتوار کو ہونے والے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی تباہ کن اوپننگ جوڑی ایک بار پھر بھارت کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہوگی۔گزشتہ سال دبئی میں 24 اکتوبر 2021 کو ہونے والے T20 ورلڈ کپ کے میچ میں گرین شرٹس کے ہاتھوں 10 وکٹوں کے بڑے مارجن سے بدترین شکست کے بعد بھارت کی جانب سے کل بہت زیادہ محتاط حکمت عملی متوقع ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم زبردست مستقل مزاجی کے ساتھ تینوں فارمیٹس میں سب سے قابل اعتماد بلے باز کے طور پر خود کو منوا چکے ہیں جبکہ محمد رضوان حالیہ برسوں میں ٹی ٹوئنٹی کے سب سے خطرناک کھلاڑی بن کر ابھرے ہیں۔ٹی 20 فارمیٹ میں اننگز کا آغاز کرتے ہوئے کافی وقت تک ایک ساتھ کھیلنے کے بعد دونوں کسی بھی ٹاپ اٹیک کو باآسانی سنبھالنے کا فن جانتے ہیں۔ اتوا ر کو ہونے والے میچ میں جیت کے لیے ٹاس کو بھی اہم عنصر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے،

یاد رہے کہ گزشتہ سال ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹاس جیتنے والی ٹیم کا میچ جیتنے کا اتفاق بھی تواتر سے دیکھا گیا تھا۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ دونوں ٹیموں کے اہم باولرز شاہین شاہ آفریدی اور جسپریت بمراہ ایونٹ سے باہر ہوچکے ہیں جس کے باعث دیگر باولرز پر پرفارم کرنے کا دبا زیادہ ہوگا اس لیے دونوں ٹیمیں ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کو ترجیح دیں گی تاکہ دوسری اننگز میں دبا کم رہے اور ہدف باآسانی حاصل کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ 2021 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں دبئی میں کھیلے گئے 16 میچز میں سے 15 میچ دوسری اننگز کھیلنے والی ٹیموں نے جیتے تھے۔ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت 15 بار مدِمقابل آ چکے ہیں جن میں بھارت نے 8 میچوں میں کامیابی حاصل کی اور پاکستان نے 5 میچز جیتے جبکہ 2 میچز بے نتیجہ ثابت ہوئے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے مضبوط ریکارڈ اور پاکستانی ٹیم کی متاثر کن کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ آج  ہونے والا ہائی وولٹیج میچ دونوں ہی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے اعصاب کو آزمائے گا۔دونوں پڑوسی ممالک اتوار کی شام پاکستانی وقت کے مطابق 7 بجے مدمقابل ہوں گے۔