جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد کے تحت سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کی سرگرمیاں تیز


اسلام آباد ( صباح نیوز)  جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد کے تحت سندھ اور بلوچستان کے سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں، اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے تمام زونز اور یو نین کونسلوں میں لگائے جانے والے کیمپوں میں غذائی اجناس اور نقد رقوم جمع کرانے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے،

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم نے الخد مت فاؤنڈیشن کے تحت متاثرین سیلاب کی امداد کے لیے لگائے جانے والے کیمپس کا دورہ کیا اور امدادی سر گر میوں کا جا ئزہ لیا ،انھوں نے سیلاب زدگان کی مدد میں مصروف جماعت اسلامی کی قیادت اور الخدمت فائونڈیشن کے رضاکاران کی تحسین کی اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ متاثرین کی مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،

میاں محمد اسلم نے مخیر حضرات سے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے اپیل کر تے ہو ئے کہا قوم 75برس سے حکمرانوں کی بداعمالیوں کی وجہ سے آزمائشوں میں ہے،بزرگ، عورتیں اور شیرخوار بچے کھلے آسمان کے نیچے پڑے ہیں، بیماریاں پھیل رہی ہیں، لوگوں کے پاس خوراک ، ادویات اور مویشیوں کے لیے چارہ دستیاب نہیں، سیلابی ریلوں سے لاکھوں کی تعداد میں مکانات تباہ ہو گئے،

انھوں نے کہاسیلاب متاثرین میں تاحال امدادی کاروائیاں شروع نہ ہونے کے باعث سیلاب متاثرین کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، متاثرین کی مکمل بحالی کے لیے عملی طور پر اقدامات کیے جائیں،مکانات کے لیے فی خاندان معاوضہ کم ازکم بیس لاکھ فراہم کیا جائے، میاں محمد اسلم نے کہا انتہائی افسوس ناک امر یہ ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں عوام کے نام نہاد منتخب نمائندوں نے ہمیشہ کی طرح لوگوں کو لاوارث چھوڑا ہوا ہے۔ ڈیزاسٹرمینجمنٹ کے وفاقی وصوبائی ادارے اور حکومتیں آپس میں دست و گریبان ہیں۔