توہین عدالت کیس، اسلام آباد ہائیکورٹ کاشوکاز نوٹس عمران خان کو ارسال


اسلام آ باد(صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس ارسال کردیا گیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے خاتون جج کو دھمکانے پر توہین عدالت کے کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس سے جاری شوکاز نوٹس عمران خان کی رہائش گاہ پربھجوایا گیا ۔شوکاز نوٹس میں کہا گیاکہ عمران خان نے خاتون جج کے بارے میں توہین اوردھمکی آمیزتقریرکی، انہوں نے تقریر اس وقت کی جب کیس اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرسماعت تھا۔

نوٹس کے متن میں مزید کہا گیاکہ عمران خان نے توہین اوردھمکی آمیز تقریرمن پسند فیصلہ لینے کے لئے کی، انہوں نے تقریرکے ذریعے انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی، عمران خان 31 اگست کو پیش ہوکربتائیں کیوں نہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔