اسلام آبادہائیکورٹ میں مریم نواز،مولانا فضل الرحمان،رانا ثنااللہ اوردیگر لیگی رہنماؤں کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی


اسلام آباد(صباح نیوز)مریم نواز، رانا ثنا اللہ، مولانا فضل الرحمان اور دیگر کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق مقامی وکیل علی اعجازبٹر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی۔ن لیگ کے رہ نماں عطا اللہ تارڑ اور مریم اورنگ زیب کو بھی توہین عدالت درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا کہ مسلم لیگ ن کی سینئر رہنما مریم نواز، وزیر د اخلہ رانا ثنا اللہ، سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان اور دیگر کو پاکستان کے اداروں اور عدلیہ کا احترام نہیں۔ بدقسمتی سے یہ لوگ حکومتی معاملات بھی چلا رہے ہیں۔

دائر درخواست میں موقف پیش کیا گیا کہ فریقین نے اعلی عدلیہ کے ججز کے بارے میں بار بار توہین آمیز زبان استعمال کی۔ ان بیانات کے ذریعے نظام انصاف کی ساکھ پر سوال اٹھا کرعوام کا عدلیہ سے اعتماد اٹھانے کی کوشش کی گئی۔ مقامی وکیل علی اعجازبٹرنے درخواست کے ساتھ مریم نواز کی 25 جولائی کی پریس کانفرنس کا ٹرانسکرپٹ بھی جمع کرایا۔ وکیل نے درخواست میں استدعا کی کہ چیئرمین پیمرا کو عدلیہ کے خلاف پریس کانفرنسز کا ٹرانسکرپٹ جمع کرانے کی ہدایت کی جائے اورمریم نواز اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔