ملک بھر کے تمام ذمہ دران و کارکنان جمعیت متاثرین سیلاب کی مدد و بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ شکیل احمد


اسلام آباد(صباح نیوز)ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان شکیل احمد نے کارکنان و ذمہ داران جمعیت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا  ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ کی یہ درخشاں تاریخ رہی ہے کہ جب بھی کسی مشکل گھڑی میں ملک و قوم کو ضرورت پڑی تو جمعیت نے آگے بڑھ کر لبیک کہا۔متعدد قدرتی آفات کے موقع پر کارکنان جمعیت نے رضاکارانہ طور پر فرائض سرانجام د ئیے ہیں۔

کارکنان جمعیت کے نام اپنے خط  میں ناظم اعلی نے کہاکہ اس وقت بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہمیں آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔اسلامی جمعیت طلبہ آج سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں باقاعدہ حصہ لے گی، متاثرین کی ہر ممکن مدد کے ساتھ ان علاقوں میں تعلیمی سلسلے کو ہنگامی طور پر بحال کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں ،بازاروں اور مساجد میں متاثرین کے لئے مالی امداد جمع کرنے کا اہتمام کرے گی۔لہذا ملک بھر کے تمام ذمہ دران و کارکنان جمعیت ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھیں اور متاثرین سیلاب کی مدد و بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔اس کے ساتھ ساتھ اللہ کے حضور متاثرین کی جلد بحالی اور ممکنہ آفات کو ٹالنے کے لیے دعاؤں کا خصوصی اہتمام کریں۔