عمران خان کو کسی بھی وقت گرفتار کیا جاسکتا ہے،محسن شاہنواز رانجھا


اسلام آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ( ن) کے رہنما محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا ہے کہ عمران خان کو کسی بھی وقت گرفتار کیا جاسکتا ہے، عمران خان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لائیں گے۔

محسن شاہ نواز رانجھا نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان تحائف لیکر چھپانے کی کوشش کرتے رہے اور توشہ خانے کی کراکری گھر لے گئے، پی ٹی آئی والے کہتے ہیں کہ عمران خان صرف ڈائری لے کر گئے، اس ڈائری میں سارا حساب کتاب ہے، توشہ خانہ کے سامان کی کم قیمت لگائی گئی، اب یہ معاملہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں لے کر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 3500 روپے کا ٹی سیٹ کہاں سے ملتا ہے، 25 کروڑ کی گھڑی کی قیمت بہت کم لگائی گئی، فارن فنڈنگ فیصلے کے مطابق عمران خان کا سرٹیفکیٹ ٹھیک نہیں، الیکشن قوانین کے مطابق پی ٹی آئی کو انتخابی نشان نہیں ملنا چاہیے۔

محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ نیب سے بھی سوال پوچھیں گے مالم جبہ، بی آر ٹی، ہیلی کاپٹر کیس کیوں بند کیا اور چیئرمین نیب پر کونسا دبا ئوتھا، عمران خان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لائیں گے، انہیں کسی بھی وقت گرفتار کیا جاسکتا ہے۔