پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی سری نگر میں نظر بند


سری نگر(کے پی آئی) پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہاہے کہ انہیں سرینگر میں اپنے گھر میں نظر بند کر دیا گیا ہے۔

محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ انہیں کشمیری پنڈت سنیل کمار کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کے لئے ان کے گھر جانا تھا جنہیں 17اگست کو ضلع شوپیاں کے علاقے چوٹیگام میں نامعلوم افراد نے قتل کر دیا تھا۔انہوں نے کہاکہ چوٹیگام میں سنیل کمار کے اہل خانہ سے ملنے کی میری کوشش کو انتظامیہ نے ناکام بنا دیا۔انہوں نے کہاکہ یہی انتظامیہ دعوی کرتی ہے کہ ہمیں ہماری حفاظت کے لیے بند کردیاگیا ہے جبکہ حکام خود واد ی کے طول وعرض کے دورے کرتے ہیں۔

محبوبہ مفتی نے سرینگرکے علاقے گپکار میں اپنے گھرکے باہربھارتی فورسز کی بکتر بند گاڑی کی تصویر بھی شیئر کی ہے۔ دریں اثنا پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے بھارتی گورنر منوج سنہا کے اس دعوے کو کہ میر واعظ عمر فاروق نظر بند نہیں ہیں، غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ نظر بند نہیں ہیں تو انہیں اپنی مذہبی ذمہ داریاں پوری کرنے کی اجازت دی جانی چاہئے۔

محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ قابض انتظامیہ اختلاف رائے کوبرداشت نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے بھارتی گورنر کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیان جھوٹ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر میر واعظ گھر میں نظر بند نہیں ہیں تو انہیں اپنی مذہبی ذمہ داریاں انجام دینے کی اجازت دی جانی چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ میر واعظ کو اگلی جمعہ کو جامع مسجد سرینگرمیں جمعہ کا خطبہ دینے کی اجازت دے۔بھارتی گورنر نے بی بی سی ہندی سروس کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں کہاتھا کہ میر واعظ عمر فاروق گھر میں نظر بند نہیں ہیں۔