راولپنڈی،ٹی ایل پی کا احتجاج،راستوں کی بندش،جواب طلب


راولپنڈی(صباح نیوز) لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے کالعدم تنظیم کے احتجاج کو روکنے کے لیے راستوں کی بندش پر ڈپٹی کمشنر اور پولیس سے جواب طلب کرلیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے کالعدم مذہبی جماعت کی ریلی اور احتجاج کو روکنے کے لیے راولپنڈی شہر میں راستوں کی بندش کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کا موقف تھا کہ جگہ جگہ کنٹینرز لگا کر راولپنڈی کو کنٹینروں کا شہر بنا دیا گیا ہے، راستے بند کرنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، عدالت متعلقہ حکام کو تمام کنٹینرز ہٹانے اور راستے کھولنے کا حکم دے۔

عدالت نے ڈپٹی کمشنر اور سی پی او کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کرلیا ہے، عدالت نے ہدایت کی ہے کہ یکم نومبر کو بتایا جائے کہ کن خطرات کی وجہ سے راستے بند کئے گئے ہیں۔